ملک میں آخر کار ایک ہفتہ زیادہ بارش ہونے کی توقع

نئی دہلی ۔/25جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام )ایک ایسے وقت جبکہ موسمی بارش میں جون تا سپٹمبرملک بھر میں مزیدکمی کے آثار ظاہر ہورہے ہیں۔ جولائی کے آخری ہفتہ میں زائد بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق جولائی کے اواخر میں ہونے والی بارش میں اضافہ درج کیا گیا ہے جوکہ اوسط سے 24فیصد زائد ہے جبکہ ماقبل ہونے والی بارش میں طویل مدتی اوسط بارش میں سے 29فیصد سے25فیصد تک کمی ہونے کے آثار ہیں۔ جنوب مغربی مانسون زیادہ ترریاست اڈیشہ ، مدھیہ پردیش اور مہاراشٹرا کے علاوہ چھتیس گڑھ وغیرہ پر زیادہ مہربان ثابت ہوا ہے۔ اس کے علاوہ کرناٹک اور کیرالا کے بعض علاقوں میں بھی مجموعی طور پر بہتر بارش ہوئی ہے جس سے مجموعی طور پر ملک کے نصف حصہ کا احاطہ ہوا ہے۔ محکمہ موسمیات نے جولائی کے آخری دنوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پیش قیاسی کی ہے۔