ملک بھر میں ناقص غذائیت کا سنگین مسئلہ: منیکا گاندھی

نئی دہلی۔/5ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام )حکومت نے ناقص غذائیت کے مسئلہ سے نمٹنے اقدامات بشمول آنگن واڑی ورکرس کا تربیتی پروگرام کئے جائینگے جبکہ ملک گیر سطح پر 200 اضلاع میں ناقص غذائیت کا مسئلہ سنگین ہے ۔ مرکزی وزیر خواتین و بہبودی اطفال منیکا گاندھی نے آج لوک سبھا میں یہ اطلاع دی اور بتایا کہ بہار، چھتیس گڑھ، ہماچل پردیش، مدھیہ پردیش اور اترا کھنڈ ان 10ریاستوں میں شامل ہیں جہاں پر کم غذائیت کا مسئلہ سب سے زیادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ناقص غذائیت کے مسئلہ پر حکومت سنجیدہ ہے اور اس مسئلہ سے نمٹنے کیلئے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے مطابق ماں اور بچہ کیلئے خصوصی کارڈس جاری کئے جائیں تاکہ حفظان صحت اور تغذیہ بخش غذا کی تفصیلات سے واقف کروایا جائے ۔

بہار میں دھماکو آلات ضبط
مونگیر۔/5ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سیکوریٹی فورسیس نے آج بہار کے ضلع مونگیر میں ماؤسٹوں کے ایک خفیہ ٹھکانہ سے 10ترقی یافتہ دھماکو آلات (IEDs)اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔ باوثوق ذرائع سے آج اطلاع ملنے پر سی آر پی ایف اور ضلع پولیس پر مشتمل سیکورٹی فورسیس نے بھیم بونہ جنگلات میں تلاشی مہم شروع کردی اور علاقہ کمراپلی میں زیر زمین بچھائی گئی 10آئی ڈیز، 6سم کارڈس اور پین ڈرائیوس ضبط کرلیئے۔