نئی دہلی ۔ 25 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک بھر میں شدت کی گرمی کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجہ میں زائد از 550 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مہلوکین اکثریت کا تعلق آندھراپردیش اور تلنگانہ سے ہے۔ دارالحکومت دہلی میں آج موسم کا گرم ترین دن رہا، جہاں درجہ حرارت 45.5 ریکارڈ کیا گیا۔ مختلف ریاستوں میں بھی درجہ حرارت اسی شدت کا رہا۔ سب سے زیادہ 47 سلسیس درجہ حرارت اوڈیشہ میں انگول کے مقام پر ریکارڈ کیا گیا۔ دہلی میں اعظم ترین درجہ حرارت 46.4 رہا۔ محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہیکہ کل گرمی کی شدت سے قدرے راحت مل سکتی ہے اور تیز ہوائیں چل سکتی ہے۔ تلنگانہ میں گرمی کی لہر میں 215 جانیں لے لی ہیں جہاں خصوصی کمشنر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سدا بھارگوی نے یہ بات بتائی۔ آندھراپردیش میں گرمی کی شدت سے مرنے والوں کی تعداد 3.3 ہے۔ اسپیشل کمشنر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ تلسی رانی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف اضلاع سے اطلاعات حاصل کی جارہی ہیں۔ دونوں ریاستوں میں گذشتہ چند دن سے درجہ حرارت 45 ڈگری کے آس پاس ریکارڈ کیا جارہا ہے۔ اوڈیشہ میں گرمی کی لہر سے اب تک 43 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکومت نے تاہم صرف 4 اموات کی توثیق کی ہے۔ اسپیشل ریلیف کمشنر کو گرمی سے اموات کی 43 رپورٹس موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹرس 32 معاملات کی جانچ کررہے ہیں۔ ریاست میں آج درجہ حرارت میں مزید اضافہ ہوا۔ صنعتی شہر انگول میں درجہ حرارت 47 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ ریاست کے کم از کم 6 بڑے ٹاؤنس میں درجہ حرارت 46 ڈگری سے زیادہ ہے۔ بھوبنیشور میں درجہ حرارت 45.4 ریکارڈ کیا گیا۔ ڈائرکٹر محکمہ موسمیات ایس سی ساہو کے بموجب آئندہ 5 دن میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔