مختلف ریاستوں میں مریضوں کی موت کا سلسلہ جاری
کولکتہ 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام )مغربی بنگال میں سوائن فلو سے 5افراد فوت ہوگئے جبکہ 67افراد اس مرض سے متاثر ہیں ۔ ریاستی وزیر صحت چندی رام بھٹا چاریہ نے آج یہ اطلاع دی اور بتایا کہ H1N1 وائرس پھیلنے سے روکنے کیلئے سرکاری دواخانوں کو ٹسٹنگ کٹس اور مطلوبہ ادویات فراہم کردیئے گئے ہیں اسمبلی میں انہو ںنے بتایا کہ ریاست بھر میں جملہ 67 افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے جن میں 5 کی موت واقع ہوئی۔ شریمتی بھٹاچاریہ نے بتایا کہ شہر کے ایک خانگی ہاسپٹل میں 21 فبروری کو ایک شخص فوت ہوگیا لیکن یہ اطلاع محکمہ صحت تک پہنچنے میں تاخیر ہوئی انہوں نے کہا کہ اس مرض پر قابو پانے کیلئے عوام میں شعور بیدار کیا جارہا ہے چونکہ مرض وبائی نہیں ہے بلکہ ہوا سے پھیلتا ہے ۔ ایزوال سے موصولہ اطلاعات کے بموجب میزورام کے واحد لنگیوٹی طیرانگاہ کے قریب مسافرین کی اسکریننگ کی جارہی ہے تا کہ سوائن فلوسے متاثرہ افراد کا پتہ چلایا جاسکے محکمہ صحت کے نوڈل آفیسر نے بتایاکہ محکمہ شہری ہوا بازی سے اجازت حاصل کرنے کے بعد فضائی مسافرین کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست بھر میں سوائن فلو کا صرف ایک کیس 13 فروری کو درج کیا گیا تھاجبکہ ایک متاثرہ خاتون دہلی سے ایزوال پہنچی تھی لیکن اب وہ مکمل صحتیاب ہوئی ہے جبکہ ایک اور شخص کے طبی معائنہ پر پازیٹیو رپورٹ آئی ہے علاوہ ازیں میزورام اور آسام کے سرحدی دیہاتوں میں بھی باہر سے آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جارہی ہے ایزوال سٹی ہاسپٹل میں متاثرین کے علاج کیلئے خصوصی وارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ سرینگر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کشمیر میں مزید 19 افراد میں سوائن فلو کی ابتدائی علامتیں ظاہر ہوئی اور اب تک 178 افراد اس مرض سے متاثر پائے گئے تاہم ایک بھی مریض کی موت کی اطلاع نہیں ہے ۔ تعلقات عامہ آفیسر شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کلثوم بھٹ نے یہ اطلاع دی اور بتایا کہ ہاسپٹل میں زیر علاج 2 مریض صحتیاب ہونے کے بعد ڈسچارج کردیا گیا اور فی الحال 8 مریض ہنوز زیر علاج ہیں جبکہ ٹاملناڈو اسمبلی میں آج حکومت نے بتایا کہ ریاست بھر میں اب تک سوائن فلو سے 8 افراد کی اموات ہوئی ہیں اور مریضوں کے علاج کیلئے ادویات اور ٹیکوں کا انتظام کرلیا گیا ہے ۔ ریاستی وزیر صحت ڈاکٹر سی وجئے بھاسکر نے بتایا کہ 225 افراد سوائن فلو سے متاثر ہیں جن میں 8 فوت ہوئے اور 115 متاثرین کا کامیاب علاج کرلیا گیا اور متاثرین کے علاج کیلئے 4 لاکھ گولیاں اور 20 ہزار ویکسین (ٹیکے) فراہم کردیئے گئے ۔ اتر پردیش میں سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ریاستی حکومت نے آج عوام سے کہا ہیکہ وہ خوفزدہ نہ ہوں کیونکہ اس مرض سے نمٹنے کیلئے حکومت ممکنہ اقدامات کئے ہیں ۔ وزیر پارلیمانی امور محمد اعظم خان نے کہا کہ سوائن فلو سے سینکڑوں افراد کے مرنے کی جھوٹی خبریں پھیلائی جارہی ہیں اس کے برعکس سرکاری ہاسپٹلوں میں علاج کیلئے موثر انتظامات اور ادویات فراہم کئے گئے ہیں۔ اتر پردیش میں جملہ 280 افراد سوائن فلو سے متاثر پائے گئے ہیں۔