ملکہ رانیا کا حیاتیاتی تحقیقاتی مرکز کا دورہ

میڈرڈ ۔ 23 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) اردن کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم کے دورہ اسپین کے دوران ملکہ رانیا نے عبداللہ نے میڈرڈ میں قائم "میڈیا لاپ براڈو” نامی حیاتیاتی تحقیقاتی مرکز کا دورہ کیا۔ ملکہ رانیا نے اسپین میں قائم سائنسی تحقیقی مرکز وہاں پر کام کرنے والے ماہرین سے ملاقات کی اور ریسرچ سینٹر میں مخلتف شعبوں میں ہونے والی تحقیقات پر تبادلہ خیال کیا۔ یاد رہے کہ میڈرڈ میں قائم سائنسی ریسرچ سینٹر میں فزیالوجی، کینسر کے مرض اور جسم میں مدافعاتی نظام کے بیکٹیریاز سمیت دیگر موضوعات پر تحقیق کی جاتی ہے۔ ملکہ رانیا کے دورے کے دوران ریسرچ سینٹر کے ماہرین نے دور حاضر کی انوکھی بیماریوں اور ان کے اسباب و علامات سے متعلق اپنی تحقیقات سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایک ریسرچ اسکالر نے بتایا کہ ہر انوکھی بیماری کم سے کم 2000 افراد میں سے ایک کو لاحق ہوتی ہے۔ ایسی بیماریوں کا شکار ہونے والوں میں 50 فی صد بچے ہوتے ہیں۔ ریسرچ سینٹر میں 7000 بیماریوں کے 400 قسم کے طریقہ ہائے علاج دریافت کیے گئے ہیں۔