ملکہ ایلزیبتھ دوم کی صحت میں بہتری : شہزادی این

لندن ۔ 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کی ملکہ ایلزیبتھ دوم کے مزاج میں بہتری واقع ہوئی ہے جو شدید نزلہ اور سردی کا شکار تھیں۔ ملکہ کی دختر شہزادی این نے بتایا کہ 90 سالہ ملکہ اپنی ناسازی کی وجہ سے مسلسل دو اتوار سانڈرنگھم چرچ میں حاضری نہ دے سکیں۔ 66 سالہ شہزادی این کل چرچ گئی تھیں جہاں لوگوں نے ان سے ملکہ کی صحت کے بارے میں دریافت کیا تھا اور شہزادی این نے ان کی (ملکہ) طبعیت کو بہتر قرار دیا تھا۔ دوسری طرف شہزادی ان کے شوہر وائس ایڈمرل سرٹم لارینس سے بھی وہاں منتظر لوگوں نے ملکہ کے مزاج کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بھی کہا کہ اب ان کا مزاج اتنا زیادہ خراب نہیں ہے جتنا پہلے تھا حالانکہ اس وقت ملکہ ایلزیبتھ بسترعلالت پر نہیں ہیں۔ تاہم انہوں نے خود ہی نئے سال کے موقع پر سانڈرنگھم چرچ میں خصوصی اجتماع میں شرکت نہ کرنے کو ترجیح دی۔