ملنا ساگر کیخلاف کانگریس کی آج گورنر سے نمائندگی

حیدرآباد۔ 11 ستمبر (این ایس ایس) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مَلّنا ساگر پراجیکٹ پر عمل آوری کی صورت میں متاثر ہونے والے کسانوں کے ساتھ ٹی آر ایس حکومت کے رویہ کے خلاف بطور احتجاج 12 ستمبر کو گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے راج بھون میں ایک یادداشت پیش کرے گی۔ اس موقع پر کانگریس قائدین، ریاستی حکومت کے مبینہ غیردستوری اور غیرجمہوری رویہ سے متاثر ہونے والے کسانوں کی مدد کیلئے گورنر سے درخواست بھی کریں گے۔ بعدازاں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی این اتم کمار ریڈی، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر کے جانا ریڈی اور دیگر قائدین گجویل روانہ ہوں گے جہاں وہ اپنی پارٹی کارکنوں کے ساتھ ویمل گھاٹ کے کسانوں سے اظہار یگانگت کریں گے جو 100 روزہ زنجیری ہڑتال مکمل کرچکے ہیں۔