ملنا ساگر پراجکٹ کا دورہ کرنے صدر تلنگانہ پی سی سی کا عزم

متاثرین سے بھی ملاقات کرنے کا اعلان، دو وزراء کو برطرف کرنے پر زور، اتم کمار ریڈی
حیدرآباد ۔ 30 جولائی (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ملنا ساگر کا دورہ کرتے ہوئے متاثرین سے ملاقات کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمسیٹ پیپرس افشا معاملت میں دو وزراء کو برطرف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے گورنر سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر صدر ضلع میدک کانگریس کمیٹی مسز سنیتا لکشماریڈی اور جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ونود ریڈی بھی موجود تھے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ملنا ساگر، عدلیہ کے فیصلہ ایمسیٹ پرچوں کے افشاء، ایمسیٹ کی منسوخی وائس چانسلرس کے تقررات پرہائیکورٹ کی پھٹکار کے علاوہ دوسرے مسائل پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملنا ساگر کیلئے حکومت کی جانب سے اتنا بڑا ذخیرہ آب تعمیر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ دریائے گوداوری میں صرف 120 دن میں ہی سیلاب کا پانی آتا ہے۔ زرعی سرگرمیوں کے دوران پمپنگ کے ذریعہ پانی سے استفادہ کرنے کی گنجائش ہونے کے باوجود ذخیرہ آب کی تعمیر معنی خیز ہے۔ لاکھوں ایکر اراضی حاصل کرتے ہوئے ہزاروں افراد کو ان کی اپنی اراضیات سے محروم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیرات شروع ہوجانے کے باوجود ڈی پی آر کو عوام کے سامنے پیش نہیں کیا گیا۔ ٹی آر ایس حکومت غیرجمہوری طرزعمل اختیار کرتے ہوئے عوام کو نقصانات ہریش راؤ کے بشمول سرکاری مشنری، کسانوں اور غریب عوام کو ڈرا دھمکا کر زبردستی اراضیات حاصل کررہی ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے۔ انہوں نے مقامی عوام اور کسانوں کو یقین دلایا ہے کہ  وہ ڈرے نہ گھبرائے کانگریس پارٹی متاثرین کے ساتھ ہے۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ قائدین اپوزیشن کو بھی پولیس کی جانب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے اور کسانوں سے ملاقات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی۔ قبل ازیں کانگریس کے پروگرام چلو ملنا ساگر کو گاندھی بھون سے باہر نکلنے والے قائدین کو پولیس کی جانب سے گرفتار کرلیا گیا۔ متاثرین سے ملاقات کرنے کیلئے کانگریس قائدین نے کافی کوشش کی ہے۔ تاہم پولیس نے اس کو ناکام بنادیا ہے۔ آج وکلاء کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کو بھی ملنا ساگر پہنچنے پر پولیس نے گرفتار کرلیا۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس کا ایک وفد پیر کو ملنا ساگر کا دورہ کرے گا۔ ایمسیٹ کے انعقاد میں ناکام ہوجانے کا اور پرچوں کے افشاء سے کئی طلبہ کا مستقبل خطرے میں پڑجانے کا حکومت پر الزام عائد کیا۔ حکومت اس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دونوں وزراء کو کابینہ سے برطرف کردیں۔ ان تمام مسائل پر گورنر سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔