ملت فنڈ کے ذریعہ مسلم نعشوں کی تدفین

حیدرآباد۔ 22 مارچ (سیاست نیوز) جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کو ہریش چندرا فاؤنڈیشن کا مراسلہ وصول ہوا جس میں خورشید بیگم جو دواخانہ عثمانیہ میں زیرعلاج تھی، کے انتقال کے بعد تدفین کی درخواست کی گئی۔ اسی طرح مزید 8 پولیس اسٹیشنس سے تدفین کی غرض سے درخواستیں وصول ہوئیں۔ ان مسلم نعشوں کو دواخانہ عثمانیہ، گاندھی ہاسپٹل سے حاصل کرکے قبرستان تھرتھرے شاہ، بنسی لال پیٹ میں سید عبدالمنان کی نگرانی میں تدفین عمل میں لائی گئی۔ نماز جنازہ مولانا شکیل احمد سبیلی قاسمی نے دواخانہ عثمانیہ ہی میں پڑھائی۔ سکندرآباد کی رہنے والی بشریٰ تبسم نے حدیث شریف کا مفہوم بیان کرتے ہوئے نماز جنازہ اور تدفین کی فضیلت بیان کی۔ بلاشبہ ملت فنڈ میں تعاون کرنے والے اس کارخیر میں شریک نہ رہتے ہوئے بھی اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں۔ جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست کی سرپرستی میں ملت فنڈ کے ذریعہ تدفین کا سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیٹر سیاست نے کارخیر میں حصہ لینے پر سید عبدالمنان، سمیع اللہ خان مسجد سنی پورہ، محمد جعفر اور محمد عبدالجلیل کا شکریہ ادا کیا۔