ملایشیا کے تجارتی وفد کی محمود علی سے ملاقات

تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت
حیدرآباد۔27 ستمبر (سیاست نیوز) ملائیشیاء کے ایک تجارتی وفد نے آج حیدرآباد میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت ملائیشیا کے وزیر محمد عزمین علی کررہے تھے۔ وفد نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت کی اور اپنے اداروں کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے وفد کا استقبال کرتے ہوئے تلنگانہ کی معاشی اور صنعتی پالیسی سے واقف کرایا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے صنعتوں کے قیام کے لیے کئی مراعات دی جارہی ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے صنعتی ماہرین سے ملاقات کا تیقن دیا اور کہا کہ وہ ماہرین وفد کو صنعتی پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین برسوں میں حکومت کی بہتر پالیسی کے نتیجہ میں بیرون ملک سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے۔ کئی ممالک کے ادارے تلنگانہ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں تلنگانہ ملک کا ایک کامیاب صنعتی مرکز بن سکتا ہے۔ محمود علی نے حکومت کی کارکردگی اور فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے واقف کرایا جس پر مندوبین نے کہا کہ اس قدر قلیل مدت میں تلنگانہ میں ترقی کی مثال قائم کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ کئی بین الاقوامی کمپنیاں جیسے ایمازان فلپ کارٹ نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی ہے جبکہ ایپل اور گوگل جیسی کمپنیاں مستقبل میں سرمایہ کاری پر غور کررہی ہے۔ ملاقات کے موقع پر فارماسویٹیکل، برقی انفرمیشن ٹیکنالوجی شعبہ جات کے علاوہ پیٹرو کیمیکل بایو ٹیکنالوجی اور تغذیہ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملائیشیا کے وزیر نے کہا کہ اگر تلنگانہ حکومت تعاون کرتی ہے تو ملائیشیا کے ادارے سرمایہ کاری کے لیے تیار ہیں۔ اس موقع پر حکومت کے سکریٹری جیش رنجن اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔