ملاپور کے صنعتی علاقہ میں ایرکولر س کی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ

حیدرآباد 29۔ مارچ (سیاست نیوز ) شہر حیدرآباد کے نواحی ملاپور کے صنعتی علاقہ میں ایرکولر س کی فیکٹری میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ آگ اتنی شدید تھی کہ اس نے ایک اور یونٹ کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے شعلے کافی بلندنظر آرہے تھے اور کثیف دھواں بھی دیکھا گیا ۔تقریبا چار گھنٹے تک یہ آگ کے شعلے بھڑک اٹھے ۔آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے کئی فائر انجنس کو طلب کیا گیا جنہوں نے کافی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔مقامی افراد نے آگ دیکھ کر فائر بریگیڈ کے اہل کاروں کو اطلاع دی ۔ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ شارٹ سرکٹ کے سبب یہ آگ لگی ۔آگ جس وقت لگی اُس وقت فیکٹری میں کوئی بھی نہیں تھا ورنہ بڑے پیمانہ پر جانی نقصان کا خدشہ تھا۔اس واقعہ میں فیکٹری میں رکھا سارا خام مال جل کر خاکسترہوگیا ۔اس موقع پر فائر بریگیڈ کے ایک افسر نے میڈیا کو بتایا کہ اس معاملہ کی جانچ کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ واقعہ آج صبح پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ آگ اتنی شدید تھی کہ مولا علی ، سکندرآباد ، چرلہ پلی سے چار فائر بریگیڈس کے علاوہ ٹینکرس کو بھی طلب کیا گیا ۔
گیٹ امتحان میں
حیدرآبادی طلبہ کو پہلا مقام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : گریجویٹ ایپٹیٹوڈ ٹسٹ ان انجینئرنگ (گیٹ 17 ) کے نتائج کا اعلان کردیا گیا ہے جس میں حیدرآبادی طالب علموں نے پہلا مقام حاصل کیا ہے ۔ گیٹ فورم کے سی ای او موہت گوئیل کے بموجب گیٹ فورم کے حیدرآبادی طالب علم ہرش گپتا نے کیمیکل انجینئرنگ ( سی ایچ ) اور نوین تھدوری نے انسٹرومنٹیشن انجینئرنگ میں پہلا مقام حاصل کیا ہے جب کہ بائیو ٹکنالوجی میں شوبھم بنسل نے ہندوستان بھر میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے ۔ علاوہ ازیں کمپیوٹر سائنس انجینئرنگ میں روی شنکر مشرا کو ملک بھر میں تیسرا مقام حاصل ہوا ہے ۔ گیٹ فورم کے دیگر طالب علموں نے سرفہرست 14 مقامات حاصل کئے ہیں ۔۔