ملالہ کی تصویر 102,500ڈالر میں فروخت

نیویارک ، 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی شہر نیو یارک میں ملالہ یوسف زئی کی ایک آئیل پینٹنگ ایک لاکھ دو ہزار پانچ سو ڈالر میں فروخت ہو گئی ہے۔ یہ رقم نائجیریا میں خواتین کی تعلیم کیلئے وقف کی جائے گی۔ ملالہ کی یہ تصویر معروف برطانوی آرٹسٹ جوناتھن ییو نے 2013ء میں بنائی تھی۔ قبل ازیں یہ اندازہ لگایا گیا تھا کہ یہ تصویر ساٹھ سے اسّی ہزار ڈالر میں فروخت ہوسکتی ہے۔ ’گرل ریڈنگ‘ کے عنوان سے ملالہ کے پورٹریٹ کی نیلامی کے موقع پر نیویارک کے معروف نیلام گھر کرسٹیز کی اسوسی ایٹ نائب صدر سارہ پریٹچرڈ نے کہا کہ ملالہ کم عمر اور اور باوقار ہے۔ اُن کا عزم اُن کی آنکھوں سے جھلکتا ہے اور اس سلسلے میں ان کا پورٹریٹ بہت واضح ہے۔ اس نیلامی سے ملنے والی رقم کو بچیوں کی تعلیم کے لئے تشکیل کردہ ملالہ فنڈ میں جائے گی۔