ملازمین کی تقسیم 25ستمبر تک مکمل کرنے کملا ناتھن کمیٹی سے اپیل

حیدرآباد۔/10ستمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش سکریٹریٹ ایمپلائز اسوسی ایشن نے سرکاری ملازمین کی آندھرا و تلنگانہ میں تقسیم کے عمل کو جاریہ ماہ 25ستمبر تک مکمل کرلینے کا کملاناتھن کمیٹی سے پرزور مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر دوبارہ بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا۔ سرکاری ملازمین کی تقسیم کے مسئلہ پر آج مسٹر مرلی کرشنا سکریٹری اے پی سکریٹریٹ ایمپلائز اسوسی ایشن کی زیر قیادت ایک وفد نے کملا ناتھن کمیٹی سے ملاقات کی اور سرکاری ملازمین کی تقسیم کے عمل کی عاجلانہ تکمیل کو یقینی بنانے کا آندھرا پردیش حکومت بشمول کملا ناتھن کمیٹی سے پرزور مطالبہ کیا۔ انہوں نے کملا ناتھن کمیٹی سے ملاقات کے دوران بتایا کہ دونوں ریاستیں علحدہ ہوچکی ہیں اور غیر ضروری طور پر دونوں ریاستوں کے ملازمین کی تقسیم میں عملاً تاخیر کی جارہی ہے۔ مسٹر مرلی کرشنا نے کملا ناتھن کمیٹی سے کہا کہ کوئی متنازعہ جائیداد نہ ہونے کی صورت میں اس جائیداد پر فوری طور پر عہدیداروں اور ملازمین کی تعیناتی عمل میں لانے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ آندھرا کے تلنگانہ میں اور تلنگانہ کے آندھرا پردیش میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کے مسائل کی عاجلانہ یکسوئی ہوسکے۔