کمل ناتھ کمیٹی کے دفعہ 18F سے تلنگانہ ملازمین کو نقصان ، دیوی پرساد
حیدرآباد۔/22اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ این جی اوز کے صدر دیوی پرساد نے الزام عائد کیا کہ ملازمین کی تقسیم کا مسئلہ مرکزی حکومت کی پالیسی کے سبب تعطل کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملازمین کی تقسیم کی تاخیر کیلئے مرکزی حکومت ذمہ دار ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دیوی پرساد نے مرکز سے مانگ کی کہ ملازمین کی تقسیم کے عمل میں تیزی پیدا کرتے ہوئے اکٹوبر کے اختتام تک یہ عمل مکمل کرلیا جائے۔ انہوں نے ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں کمل ناتھن کمیٹی کی رپورٹ میں شامل دفعہ 18Fکو حذف کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تلنگانہ ملازمین کی ناانصافی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو کسی بھی صورت میں تلنگانہ میں خدمات انجام دینے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیئے۔ دیوی پرساد نے کہا کہ دونوں ریاستوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ملازمین کی تقسیم کے سلسلہ میں تلنگانہ ملازمین کے ساتھ کوئی ناانصافی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں ملازمین نے اہم رول ادا کیا ہے اور کے سی آر کی زیر قیادت تلنگانہ حکومت نے ان سے مناسب انصاف کا وعدہ کیا ہے۔ دیوی پرساد نے وعدہ کے مطابق حکومت کی جانب سے تلنگانہ ملازمین کیلئے خصوصی انکریمنٹ کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ملازمین کو یقین دلایا کہ کسی بھی ناانصافی کی صورت میں اسوسی ایشن جدوجہد کرے گی۔