ملائیشیا میں 6.0 شدت کا زلزلہ، متعدد سیاح زخمی

کوالالمپور ۔ 5 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا میں جنوب مشرقی ایشیا کی بلند ترین پہاڑیوں پر 6.0 کے شدت کا زلزلہ آنے سے پھنس جانے والے سیاحوں کو بچانے کے لئے امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق ملائیشیا میں ماؤنٹ کینا بالو پر تقریباً 145 افراد پھنسے ہوئے ہیں۔بورنیو جزیرے پر واقع سباہ صوبے کے وزیرِ سیاحت کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگ اس زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہوئے ہیں جبکہ زلزلے کے جھٹکوں کی وجہ سے پتھر اور چٹانیں گر رہی ہیں۔ جس کے بعد کوہ پیمائی کی تمام سرگرمیاں روک دی گئی ہیں۔13435 فٹ بلند ماؤنٹ کینا بالو اس خطے اور دنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لئے پسندیدہ مقام ہے۔نیو سٹریٹ ٹائمز کا سباہ پارک کے حوالے سے کہنا ہے کہ ان کے خیال میں پہاڑ پر کم سے کم 145 افراد پھنسے ہوئے ہیں، جن میں کوہ پیما اور گائیڈز شامل ہیں اور ان میں سے چند افراد زخمی بھی ہیں۔سباہ پارک کے ڈائریکٹر ڈاکٹر جامیلی نائس کا کہنا ہے کہ ’پھنسنے والے افراد میں ایک اندازے کے مطابق 105 سے 109 کوہ پیما، گائیڈز اور سباہ پارک کے اہلکار شامل ہیں۔ تاہم یہ علاقہ خطرناک نہیں ہے۔