ملائیشیا میں 155 چینی ایغور مسلم زیر حراست

بیجنگ ۔4 اکٹوبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملائیشیا نے چین کے مسلم اکثریت والے صوبہ ژنجیانگ سے تعلق رکھنے والے 155 چینی یغور مسلمانوں کو حراست میں لے لیا ہے جس کا واحد مقصد یہ ہے کہ عسکریت پسندوں کو انتہاپسند تنظیم دولت اسلامیہ میں شامل ہونے کی کوششوں سے روکا جائے جو شام اور عراق میں سرگرم ہیں۔ سرکاری طورپر اس بات کی توثیق کی گئی۔ حراست میں لئے گئے افراد میں 76 بچے بھی شامل ہیں۔ ژنہوا خبررساں ایجنسی نے ملائیشیائی میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بات کہی جس کے مطابق یغور تارکین وطن کوالالمپور کے تمن یوکیت جلیل میں واقع اپارٹمنٹس کے دو یونٹوں پر کئے گئے دھاوے کے دوران گرفتار کئے گئے جو اُس وقت وہاں موجود تھے ۔ دریں اثناء کوالالمپور امیگریشن ڈپارٹمنٹ انفورسمنٹ آپریشنس یونٹ سربراہ بصری حسن نے بتایا کہ 65 غیرقانونی تارکین وطن کے منجملہ بشمول 32 بچے ، ایک ہی اپارٹمنٹ میں پائے گئے جبکہ مابقی 90غیرقانونی تارکین بشمول 44 بچے دوسرے یونٹ کے اپارٹمنٹ میں پائے گئے۔