کوالالمپور۔5اپریل ( سیاست ڈاٹ کام) 6افراد بشمول وزیراعظم ملائیشیا نجیب عبدالرزاق کے ایک قریبی بااعتماد ساتھی اور ملائیشیا کے سابق سفیر برائے امریکہ بھی ہلاک ہوگئے ۔ ہیلی کاپٹر سومنیا قصبہ میں حادثہ کاشکار ہوکر شعلہ پوش ہوگیا جب کہ وہ شمالی قصبہ کوانٹان سے کوالالمپور واپس ہورہا تھا ۔ بچاؤ کارکنوں نے تمام 6جھلسی ہوئی نعشیں موقع واردات سے منتقل کی ہے ۔ مبینہ طور پر مہلوکین نجیب کی بیٹی کے ولیمہ میں شرکت کر کے قریبی قصبہ پیکان واپس ہورہے تھے ۔ مہلوکین میں ازلین الیاس بھی شامل ہیں جو وزیراعظم کے ارکان عملہ میں شامل تھے اور جمال الدین جرجیس بھی تھے جو امریکہ میں ملائیشیا کے سفیر رہ چکے ہیں ۔آج صبح اس حادثہ کی توثیق کردی گئی‘ ہیلی کاپٹر فضاء میں پھٹ پڑا اور سومنیا کے قصبہ میں یہ حادثہ پیش آیا جب کہ وہ اپنی منزل سے صرف چند منٹ کے فاصلہ پر تھا ۔ ہلاک ہونے والوں میں ہیلی کاپٹر کا پائیلٹ ‘ معاون پائیلٹ اور جمال الدین کا باڈی گارڈ رسکان شیران بھی شامل تھے ۔ جھلسی ہوئی نعشیں مقام واردات سے دستیاب ہوئیں جہاں آگ بھڑک رہی تھی ۔ سمجھاجاتا ہے کہ ہیلی کاپٹر جب ربر کے ایک جنگل میں جہاں زبردست بارش ہورہی تھی دھماکہ سے پھٹ پڑا تو تمام 6افراد فوری ہلاک ہوگئے ۔ حادثہ کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہے ۔