نئی دہلی 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے عصمت ریزی کے بارے میں تبصرہ کی مذمت کرتے ہوئے کانگریس اور بی جے پی نے آج کہاکہ اُنھیں فوراً معذرت خواہی کرنی چاہئے اور اپنے الفاظ واپس لینے چاہئیں۔ کانگریس قائد میم افضل نے کہاکہ ایک سینئر قائد کی جانب سے اِس قسم کا تبصرہ نہ صرف قابل اعتراض ہے بلکہ المناک اور شرمناک ہے۔ ملائم سنگھ کے تبصرہ سے ظاہر ہوتا ہے کہ اُن کے دل میں خواتین کی کتنی عزت ہے۔ اُن کے خواتین کے تحفظ کے بارے میں تبصرے کتنے غیرذمہ دارانہ ہیں۔ میم افضل نے کہاکہ حکومت یوپی ملائم سنگھ کی زیرہدایت کام کررہی ہے اور ایسے تبصرے ریاست گیر سطح پر نوجوان لڑکوں کو غلط پیغام دے سکتے ہیں۔ اُنھیں فوراً اپنے الفاظ واپس لینے چاہئے اور معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ اجتماعی عصمت ریزی کے تین مجرموں کو گزشتہ ہفتہ سزائے موت دی گئی ہے۔ ملائم سنگھ سے اس کے بارے میں کل سوال کیا گیا تھا۔ اُنھوں نے کہا ’’لڑکے ہیں، غلطی ہوجاتی ہے‘‘۔ اُن کے تبصرے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی قائد مختار عباس نقوی نے کہاکہ تبصرے شرمناک ہیں اور ملائم سنگھ کو معذرت خواہی کرنی چاہئے۔ ایک اور بی جے پی قائد سمرتی ایرانی نے کہاکہ ملائم سنگھ مرکز میں کسی قیمت پر حکومت تشکیل دینے والے نہیں ہیں۔ اگر اُنھیں کوئی افراد (عصمت ریزی کرنے والوں) کی مدد چاہئے تو وہ ایسا کرسکتے ہیں کیونکہ کانگریس تو اپوزیشن میں بیٹھنے کی تیاری کرچکی ہے۔ سمرتی ایرانی نے کہاکہ اُن جیسی خاتون ملائم سنگھ کے تبصرے کی سختی سے مخالفت کرتی ہے اور انسداد عصمت ریزی قانون میں ترمیم کبھی نہیں ہونے دیں گی۔ دریں اثناء کل ہند خواتین کانفرنس جو ملک گیر سطح کی تنظیم ہے، آج سماج وادی پارٹی کے سربراہ ملائم سنگھ یادو کے تبصرے کی مذمت کی اور کہاکہ یہ تبصرہ ’’جرم کے دفاع‘‘ کے مترادف ہے۔ جبکہ یہ جرم انتہائی گھناؤنا ہے۔ ملائم سنگھ غنڈہ ازم کی تائید کررہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیں اِس تبصرے پر صدمہ پہونچا اور اُلجھن پیدا ہوئی کہ کوئی ذمہ دار آدمی خاص طور پر سیاستداں اِس قسم کا تبصرہ کیسے کرسکتا ہے یا اِس کے بارے میں سوچ بھی کیسے سکتا ہے۔ تنظیم کی صدر وینا کوہلی نے اپنے بیان میں کہاکہ عصمت ریزی انسانیت کے خلاف جرم ہے۔ انسانیت اور تہذیب کے خلاف جرم ہے۔ ملائم سنگھ اِس کی تائید کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ کل ہند خواتین کی جمہوری اسوسی ایشن نے بھی ملائم سنگھ یادو کے تبصرے کی مذمت کی۔ اِس کی جنرل سکریٹری جگمتی سانگوان نے کہاکہ یادو کا مطلب یہ ہے کہ خواتین اپنے شریک زندگی پر جنسی حملے کے جھوٹے الزامات عائد کرتی ہیں۔ اُن کا یہ الزام مساوی طور پر قابل مذمت ہے اور اِس سے منو سمرتی میں مخالف خواتین انتہائی متکبرانہ بیانات کی جھلک ملتی ہے۔ دریں اثناء بنگلور سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق وزیراعظم دیوے گوڑا نے ملائم سنگھ یادو کے تبصرے پر ردعمل دریافت کرنے پر کہاکہ اُنھیں اپنے خیالات کے اظہار کا حق ہے ۔ میں اِس پر کوئی ردعمل ظاہر کرنا نہیں چاہتا۔