کوالالمپور۔9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیا میں آج رائے دہی اختتام پذیر ہوئی جہاں متنازعہ وزیراعظم نجیب رزاق کو 92 سالہ تجربہ کار سابق قائد مہاتر محمد سے سخت چیلنجز کا سامنا ہے۔ آج شام 5.00 بجے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر رائے دہی کا وقت اختتام پذیر ہوا۔ بتایا جارہا ہے کہ رائے دہی کا تناسب 69% ہے۔ 64 سالہ نجیب رزاق اس بات کے خواہاں ہیں کہ انہیں ایکبار پھر اقتدار حاصل ہوجائے اور انہیں اس بات کا پورا یقین بھی تھا لیکن اچانک معمر قائد مہاتر محمد کے ایکبار پھر سیاسی واپسی کرنے سے نجیب رزاق کو اپنے خواب بکھرتے نظر آرہے ہیں۔ اس کے باوجود بھی ایسا سمجھا جارہا ہے کہ نجیب رزاق کی بارسین نیشنل پارٹی کو ہی کامیابی مل سکتی ہے۔ نجیب رزاق ایک مالیاتی اسکینڈل میں ملوث پائے گئے تھے جس سے عوام میں ان کے خلاف غم و غصہ پایا جاتا ہے اور شاید اسی لیے مہاتر محمد نے بھی سیاسی میدان میں ایکبار پھر قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا۔ کیوں کہ ملائشیا کی انتخابی طریقہ کار کے مطابق پارلیمنٹ میں ایمپیز کی معمولی اکثریت ہی کامیابی کے لیے کافی سمجھی جاتی ہے۔ انتخابی نتائج کا اعلان آج کیا جائے گا۔