شمس آباد ۔ 4 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد منڈل کانگریس صدر شیکھر یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی انتخابات میں کانگریس بہتر مظاہرہ کرے گی ۔ منڈل پریشد صدر اور زیڈ پی ٹی سی پر کانگریس کی کامیابی ہوگی ۔ ریاست تلنگانہ میں ٹی آر ایس حکومت صرف جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے اقتدار حاصل کررہی ہے ۔ ہر انتخابات میں جی او III کو برخاست کرنے کا اعلان کررہی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی عمل نہیں کیا گیا ۔ شمس آباد منڈل میں کانگریس کافی مضبوط ہے اور وہ ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے ان کے مسائل کو حل کرتی آئی ہے ۔ آج پورے منڈل میں پانی کا مسئلہ دن بہ دن سنگین ہوتا جارہا ہے ۔ عوام کے مسائل سے حکومت واقف رہتے ہوئے بھی وہ صرف ٹی آر ایس کی کامیابی کے لیے کام کررہی ہے دیگر پارٹیوں کے ارکان اسمبلی و قائدین کو ان کے مقام میں ترقیاتی کام انجام دینے کا تیقن دے رہی ہے اور پارٹی کی تبدیلی کے بعد ان ہی ارکان اسمبلی کو نظر انداز کررہی ہے ۔ آج کئی قائدین صرف مجبوری کی حالت میں ٹی آر ایس میں برقرار ہے اور بہت جلد وہ بھی بغاوت کرنا شروع کردیں گے ۔ ٹی آر ایس کی الٹی گنتی کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی کے نتائج ہی بتادیں گے کہ عوام بھی حکومت سے بیزار ہوچکے ہیں ۔۔