197 منڈلوں میں 2166 زیڈ پی ٹی سیز و ایم پی ٹی سیز کیلئے رائے دہی
حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ادارہ جات مقامی ضلع پریشدوں و منڈل پریشدوں (زیڈ پی ٹی سیز ، ایم پی ٹی سیز) کیلئے منعقد ہونے والے انتخابات کے ایک حصہ کے طور پر پہلے مرحلہ کے تحت 197 منڈلوں میں رائے دہی کل یعنی 6 مئی کو منعقد ہوگی۔ ان 197 منڈلوں کے لئے زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز ارکان کے لئے منعقد ہونے والے انتخابات کے سلسلہ میں انتخابی مہم کا گزشتہ دن یعنی 4 مئی کو 5 بجے شام اختتام عمل میں آیا۔ ان انتخابات کے لئے ریاستی الیکشن کمیشن کی جانب سے وسیع تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع نے یہ بات کہی اور بتایا کہ پہلے مرحلہ کے تحت 2166 زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز کے لئے انتخابات 6 مئی کو منعقد ہوں گے۔ جبکہ ان میں دو زیڈ پی ٹی سیز اور 69 ایم پی ٹی سیز ارکان کا بلامقابلہ متفقہ طور پر انتخاب ہوچکا ہے۔ اس طرح ان انتخابات کے سلسلہ میں کل 6 مئی کو رائے دہی 7 بجے تا شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ جبکہ پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے تعلق سے مسائل سے دوچار (حساس) 217 ایم پی ٹی سیز حلقوں کی نشاندہی کی گئی۔ ان حلقوں کے لئے رائے دہی صبح 7 بجے تا 4 بجے شام تک ہی ہوگی۔ اسی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلہ کے انتخابات کے سلسلہ میں رائے دہی کے لئے تعینات کردہ اسٹاف کو مراکز رائے دہی کے مطابق آج صبح 10 بجے سے تمام الیکشن میٹریل فراہم کرکے اسی اسٹاف کو اپنے اپنے متعلقہ مراکز رائے دہی کے لئے روانہ کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ منڈلوں میں جہاں رائے دہی منعقد ہونے والی ہے وہاں پر کوئی غیر مقامی قائدین اگر موجود ہوں تو انھیں اس منڈل سے روانہ ہوجانے کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔ پہلے مرحلہ کی رائے دہی کے مقامات پر شراب کی دوکانوں کو بند کروادیا گیا۔ مراکز رائے دہی کے قریب دفعہ 144 کا نفاذ عمل میں لایا گیا ہے۔ مسائل سے دوچار اور حساس مراکز رائے دہی کے پاس پولیس کے وسیع تر انتظامات کئے گئے۔ ریاستی الیکشن کمیشن کے ذرائع نے مزید بتایا کہ ضلع پریشد و منڈل پریشد انتخابات کے سلسلہ میں جملہ 640 ایم پی ٹی سیز حلقوں کی مسائل سے دوچار (حساس) کی حیثیت سے نشاندہی کی گئی اور ان حلقوں میں رائے دہی کے اوقات میں معمولی تبدیلی کی گئی۔ بالخصوص اضلاع کمرم بھیم آصف آباد، بیلم پلی، بھدرادری، کتہ گوڑم، جئے شنکر بھوپال پلی اور ملگ کے 640 ایم پی ٹی سیز حلقوں میں واقع مراکز رائے دہی پر پولنگ صبح 7 بجے تا شام 4 بجے تک ہی ہوگی۔ جملہ 640 مسائل سے دوچار ایم پی ٹی سیز حلقوں کے منجملہ 217 دوسرے مرحلہ کے تحت 218 اور تیسرے مرحلہ کے تحت 205 حلقوں میں مذکورہ اوقات میں رائے دہی عمل میں لائی جائے گی۔