صدر پی سی سی بی ستیہ نارائنا کے احکامات ، آج بی فارمس کی اجرائی
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بوتسہ ستیہ نارائنا نے مقامی اداروں کے انتخابات کے لیے سکریٹریز پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر سید یوسف ہاشمی کو تانڈور اور مسٹر رضی الدین احمد کو محبوب نگر میونسپلٹیز کا کوآرڈینٹرس تقرر کرتے ہوئے پارٹی امیدوار کو کامیاب بنانے کے لیے متحد ہو کر کام کرنے کا مشورہ دیا اور امیدواروں کے لیے آج شام بی فارمس بھی جاری کردیا ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی نے علاقہ تلنگانہ کے 53 میونسپلٹیز اور 3 کارپوریشن کے لیے پارٹی کوآرڈینٹرس کا اعلان کیا جس میں دو مسلم قائدین کو بھی شامل کیا گیا ۔ اضلاع صدور ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی سابق ارکان اسمبلی اور 2009 میں مقابلہ کردہ امیدواروں کو کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ۔
حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے پردیش کانگریس کمیٹی کے سکریٹری مسٹر سید یوسف ہاشمی کو ضلع رنگاریڈی کے تانڈور میونسپلٹی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور ضلع ورنگل سے تعلق رکھنے والے سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر رضی الدین احمد کو محبوب نگر میونسپلٹی کوآرڈینٹرس کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر بی ستیہ نارائنا نے گاندھی بھون میں تلنگانہ کے 10 اضلاع کانگریس صدور کے علاوہ دستیاب سابق وزراء ارکان اسمبلی ارکان پارلیمنٹ اور ذمہ دار قائدین کا اجلاس طلب کیا اور قائدین کو نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کو کامیاب بنانے پر زور دیا ۔ انہوں نے مقامی قائدین کو آپسی اتفاق رائے سے مقامی اداروں کے انتخابات کے لیے امیدواروں کا انتخاب کرنے اور انہیں کامیاب بنانے کی ساری ذمہ داری قبول کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تقسیم ریاست کے بعد منعقد ہونے والے مقامی اداروں کے انتخابات کانگریس پارٹی کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے کیوں کہ ہمیں عام انتخابات کا بھی سامنا ہے لہذا کانگریس پارٹی کو مستحکم کرنے اور امیدواروں کو کامیاب بنانے کے لیے کانگریس قائدین میں اتحاد وقت کا سب سے بڑا تقاضہ ہے ۔۔