آتشبازی اور مٹھائیاں تقسیم ، تلنگانہ میں کانگریس حکومت یقینی ، پنالہ لکشمیا
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس کی کامیابی پر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے پر کانگریس پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا ۔ ٹی آر ایس تیسرے مقام پر رہنے کا امکان ہے ۔ علاقہ تلنگانہ میں بلدیات کے انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی پر گاندھی بھون میں جشن منایا گیا ۔ بڑے پیمانے پر آتشبازی کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ اس جشن میں صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا بھی شریک ہوئے بعد ازاں انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کانگریس کے ساتھ ہیں ۔ بلدی اداروں کے نتائج اس کا ثبوت ہے ۔ 16 مئی کو بھی عام انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تنہا حکومت تشکیل دے گی ۔ کانگریس کی شکست کی پیشن گوئی کرتے ہوئے حکومت تشکیل دینے کا اعلان کرنے والی ٹی آر ایس تیسرے مقام کو پہونچ گئی ہے ۔ دوسرے نمبر پر تلگو دیشم بی جے پی اتحاد کے پہونچنے کا امکان ہے ۔ کانگریس کی کامیابی کے کئی وجوہات ہیں ۔ 10 سالہ دور حکومت میں کئی فلاحی اسکیمات متعارف کرائے گئے اور ریاست کی ترقی کے لیے عملی اقدامات کئے گئے ۔ وعدے کے مطابق کانگریس کی صدر مسز سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے اور عوام نے بھی کانگریس پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کیا ہے ۔ وہ عوام سے اظہار تشکر کرتے ہیں اور عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کے لیے کانگریس پارٹی ہر ممکن کوشش کرے گی ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ نتائج سے ٹی آر ایس کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے ۔ تلنگانہ میں پہلی حکومت کانگریس تشکیل دے گی ۔ کانگریس کے قائدین پر انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کے الزامات کئے گئے ہیں کانگریس کے تمام قائدین نے جہاں اتحاد کا مظاہرہ کیا وہیں پارٹی کے کیڈر نے انتخابی مہم میں غیر معمولی رول ادا کیا ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ تلنگانہ کے اکثر بلدیات پر کانگریس کامیاب ہوئی ہے ۔ جن بلدیات پر نتائج معلق آئے ہیں وہاں کانگریس حلیف جماعتوں کے ساتھ آزاد امیدواروں کی تائید حاصل کرے گی ۔ نتائج سے ظاہر ہوگیا کہ عوام کانگریس کے ساتھ ہیں ۔ 1969 اور 1972 کی تلنگانہ تحریک میں کانگریس نے اہم رول ادا کیا ۔ تلنگانہ کے لیے کانگریس کے قائدین نے علحدہ پارٹی تشکیل دیتے ہوئے 10 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کی ۔ 2004 میں کانگریس سے اتحاد کرنے والی ٹی آر ایس کانگریس سے کم حلقوں پر کامیابی حاصل کی ۔ کانگریس کے خلاف 2009 میں تلگو دیشم سے اتحاد کرتے ہوئے مقابلہ کرنے پر صرف 10 اسمبلی حلقوں پر کامیابی حاصل کی ۔۔