ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) عہدیداروں نے کہا ہیکہ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی) کو زائد از 12000 کروڑ روپئے کی دھوکہ دہی اسکام میں رقمی ہیرپھیر کی تحقیقات کے ضمن میں مفرور جوہری نیرو مودی کے ایک قریبی ساتھی اور ان کی کمپنی کے نائب صدر کو گرفتار کرلیا ہے۔ ان عہدیداروں نے کہا کہ شیام سندر وادھوا کو جو فائر اسٹار گروپ کا نائب صدر بھی ہے، قانون انسداد رقمی ہیرپھیر (پی ایم ایل اے) کے تحت کل رات گرفتار کرلیا گیا، جس کو نیرو مودی کا انتہائی قریبی اور بااعتماد ساتھی قرار دیا گیا ہے۔ ایک عہدیدار نے کہا کہ ’’وہ (نیرو) مودی سے قریبی رابطہ میں ہے اور نیرو مودی کی ایماء پر اس کی مدد کیلئے رقمی ہیرپھیر میں ملوث ہے‘‘۔ اس کیس میں ای ڈی کی طرف سے کی جانے والی پہلی گرفتاری ہے۔ مرکزی تحقیقاتی ادارہ نے کہا ہیکہ وادھوا ’’اس اسکام کے پس پردہ حقائق کو بے نقاب کرنے میں مدد کرے گا‘‘۔ یہ بھی کہا گیا ہیکہ دوران تفتیش وہ اس تحقیقاتی ادارہ کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہا تھا، لیکن بعد میں دو کمپنیوں کے قیام میں کاغذی کارروائی اور ان کیلئے فرضی ڈائرکٹروں کے تقررکا اعتراف کرلیا۔ ای ڈی نے کہا کہ فبروری میں مقدمہ درج کرنے کے بعد ملک بھر میں تاحال 251 مقامات پر دھاوے کئے گئے اور 7,664 کروڑ روپئے مالیتی ہیرے جواہرات، قیمتی پتھر وغیرہ ضبط کئے گئے۔