نئی دہلی ۔ 30 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر جموںو کشمیر مفتی محمد سعید فی الحال آکسیجن کے آلات پر ہیں اور اُن کی حالت کی ماہرین کی ایک ٹیم ایمس نئی دہلی میں جہاں وہ بغرض علاج شریک ہیں نگرانی کررہی ہے ۔ مفتی سعید انٹینسیو کیر یونٹ میں 24 ڈسمبر کو شریک کئے گئے تھے ۔ وہ ہنوز علیل ہیں اور اُنھیں آلات کے ذریعہ آکسیجن فراہم کی جارہی ہے ۔ تاہم ان کی حالت مستحکم ہے ۔ وہ ہوش میں اور چاق و چوبند ہیں اور سیال غذا استعمال کررہے ہیں ۔ اُنھیں درد شکن دوائیں دی جارہی ہیں ۔ علاوہ ازیں فنجی کا خاتمہ کرنے والی دوائیں اور امدادی طریقہ علاج کی ماہرین نگرانی کررہے ہیں ، جن کی قیادت ڈاکٹر ریتا سودھ کررہی ہیں ۔ ماہرین میں پروفیسر محمد اشرف ، ڈاکٹر تولیکا سیٹھ اور پروفیسر پی این ڈوگرا شامل ہیں۔ 79 سالہ چیف منسٹر کو 24 ڈسمبر کو بذریعہ طیارہ سرینگر سے دہلی منتقل کیا گیاتھا ۔ مرکزی وزیر داخلہ کل ہی اُن کی عیادت کرچکے ہیں ۔ جموںو کشمیر میں جاریہ سال مارچ میں بی جے پی ۔ پی ڈی پی مخلوط حکومت قائم ہوئی تھی ۔