مفتی اعظم فلسطین و امام مسجد اقصیٰ کی آمد

حیدرآباد ۔ 18 جون (پریس نوٹ) مفتی اعظم فلسطین و امام مسجد اقصیٰ فضیلت الشیخ محمد اے ایم حسین کی زیرقیادت ایک اعلیٰ سطحی فلسطینی وفد کے چار روزہ دورہ حیدرآباد کا جمعرات 19 جون سے آغاز ہوگا۔ مفتی اعظم 19 جون کو صبح حیدرآباد پہنچیں گے۔ شام 4 بجے ادارہ سیاست میں اسلامی خطاطی کی نمائش کا افتتاح کریں گے۔ شام 6.30 بجے مسجد رحمت عالم روڈ نمبر 10 بنجارہ ہلز تشریف لے جائیں گے اور انڈو عرب کلچرل سنٹر کا معائنہ کریں گے۔ شام 7.15 بجے گولکنڈہ میں مدرسہ رحمت العلوم کا افتتاح کریں گے۔ جمعہ 20 جون کو 11 بجے دن دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کا معائنہ کریں گے اور اسی شام 7.15 بجے نمائش کلب میں جلسہ یوم فلسطین و مسجد اقصیٰ سے خطاب کریں گے۔

اس جلسہ سے فلسطینی رکن پارلیمنٹ عبداللہ ایم آئی عبداللہ، ہندوستان میں متعینہ فلسطینی سفیر الشیخ حسن صادق عدلی شعبان، سوڈان کے سفیر ڈاکٹر حسن ای الطالب کے علاوہ رکن راجیہ سبھا محمد ادیب، حافظ پیر شبیراحمد، مسٹر پی مدھو سابق رکن راجیہ سبھا، مسٹر پی جے چندرشیکھر راؤ ایم ایل سی (سی پی آئی) خطاب کریں گے۔ جناب سید وقارالدین چیرمین انڈو عرب لیگ حیدرآباد صدارت کریں گے۔ مفتی اعظم اور دیگر مہمان 21 جون کی صبح 10.30 بجے فیپسی آڈیٹوریم ریڈہلز میں صوفی سمینار کا افتتاح کریں گے۔ 8 بجے شب جناب سید وقارالدین قادری کی قیامگاہ پر ترتیب دیئے جانے والے عشائیہ میں سرکردہ شخصیات سے ملاقات کریں گے۔ 22 جون کی صبح نظام آباد کے لئے روانہ ہوں گے جہاں 8 بجے شب مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اور فلسطینی عوام پر مظالم کے خلاف منعقد ہونے والے جلسہ عام میں شرکت کریں گے۔ اس جلسہ عام کیلئے ضلع نظام آباد میں زبردست جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ 23 جون کی صبح مفتی اعظم نظام آباد سے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ کیلئے روانہ ہوں گے اور وہاں سے فلسطین کے لئے پرواز کریں گے۔ مفتی اعظم فلسطین انڈو عرب لیگ حیدرآباد کی دعوت پر حیدرآباد تشریف لارہے ہیں۔ واضح رہیکہ فلسطینی کاز اور ہند۔ عرب تعلقات کے استحکام میں انڈو عرب لیگ حیدرآباد نے اہم رول ادا کیا ہے۔

فن خطاطی کی نمائش، مسجد الاقصیٰ کے خطیب کے ہاتھوں آج افتتاح
حیدرآباد ۔ 18 جون (پریس نوٹ) روزنامہ سیاست کے زیراہتمام 19 جون کو 5 بجے شام محبوب حسین جگر ہال میں فن خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جس کا افتتاح فلسطین کے مفتی اعظم اور مسجد الاقصیٰ (بیت المقدس) کے خطیب فضیلت الشیخ محمد اے ایم حسین کریں گے۔ ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں کے زیرصدارت منعقد شدنی اس تقریب میں روزنامہ رہنمائے دکن کے چیف ایڈیٹر و صدر انڈو عرب لیگ جناب سید وقارالدین بحیثیت مہمان اعزازی شرکت کریں گے۔ دیگر بیرونی مہمانوں میں الشیخ عبداللہ عبداللہ فلسطینی رکن پارلیمنٹ اور الشیخ حسن صادق عدلی شعبان سفیر فلسطین معتینہ ہند شامل ہیں۔ یہ نمائش 5 بجے شام سے کھلی رہے گی۔ دلچسپی رکھنے والے اصحاب سے کثیر تعداد میں شرکت کی خواہش کی گئی ہے۔