مفاد پرستی اور موقع پرستی دورِ حاضر کی سیاست کا وتیرہ

انتخابی سیاست سے سبکدوشی پر جناب زاہد علی خاں کی ستائش

حیدرآباد /21 مارچ (سیاست نیوز) علم کے حصول میں پولیٹکل سائنس اگرچہ کہ ایک شعبۂ علم ہے، لیکن موجودہ سیاست کا اس سے کوئی تعلق نظر نہیں آتا۔ آج کی سیاست عوام کی خدمت سے زیادہ اپنی اور اپنے خاندان، بلکہ نسلوں تک کی سرمایہ کاری اور سرمایہ داری کا اہتمام ہے۔ موجودہ دور میں جہاں سیاست ایک کاروبار کی صورت اختیار کرچکی ہے، ایسے میں ملت کے صحیح خدمت گزاروں کا اس میدان میں کوئی گزر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب ایم اے شکور ڈائرکٹر پنچ شیل بی ایڈ کالج نے کیا۔ انھوں نے جناب زاہد علی خاں کی انتخابی سیاست سے سبکدوشی کو ان کی اعلیٰ ظرفی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ جناب زاہد علی خاں کی ملی خدمات اتنی گراں بہا ہیں کہ ان کی جانب سے جاری کردہ فلاحی کاموں کو دراصل حکومتوں کو اپنانا چاہئے۔ جناب زاہد علی خاں نے کسی شعبۂ حیات میں مسلمانوں کو پسماندہ نہ رہنے دینے کا جو عزم کیا ہے، وہ لائق ستائش ہے۔

اسی دوران جناب جلیل ازہر نے کہا کہ لوگ مسلمانوں میں اتحاد کی باتیں تو کرتے ہیں، لیکن اس کے برعکس نفاق کے بیج بوتے ہیں، تاکہ ووٹوں کی فصل کاٹی جائے، جب کہ جناب زاہد علی خاں نے عملی اقدام کے ذریعہ یہ ظاہر کردیا کہ انھیں اقتدار کی ہوس نہیں ہے، بلکہ ملت کی حقیقی خدمت ہی ان کی زندگی کا نصب العین ہے اور وہ اپنی آخری سانس تک اس پر گامزن رہیں گے۔ دریں اثناء جناب زاہد علی خاں نے نرمل سے حیدرآباد آکر انھیں تہنیت پیش کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی آنکھیں مسلمانوں کو ہرشعبۂ حیات میں عروج پر دیکھنے کی متمنی ہیں۔ اس موقع پر جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست، علامہ اعجاز فرخ اور علی گتمی بھی موجو