مغربی کنارہ میں 80 فلسطینی گرفتار

یروشلم۔ 15؍جون (سیاست ڈاٹ کام)۔ اسرائیلی فوج نے لاپتہ ہونے والے تین اسرائیلی نوجوانوں کی گمشدگی کی ذمہ داری فلسطینیوں پر عائد کی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایک اعلیٰ اسرائیلی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ یہ تین اسرائیلی نوجوان جن میں سے ایک امریکی شہریت کا حامل بھی ہے، مغربی کنارے سے لاپتہ ہو گئے تھے اور ممکنہ طور پر انہیں فلسطینیوں نے اغواء کیا۔

اس عہدیدار نے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج اس واقعہ کے درپردہ تمام ممکنہ عوامل اور مقاصد کا جائزہ لے رہی ہے۔ اسرائیل کی فوج نے مغربی کنارہ سے 80 فلسطینیوں بشمول حماس کے ارکان کو آج علی الصبح گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد میں امریکی بھی شامل ہیں جنھوں نے مبینہ طور پر اغواء کی وارداتوں میں شرکت کی ہے۔ وزیراعظم اسرائیل بنجامن نتن یاہو نے فلسطینی اتھاریٹی کو اغواء کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔اس بحران کی وجہ سے اسرائیل اور نئی فلسطینی حکومت کے مابین کشیدگی بڑھ گئی۔