مغربی کنارہ میں دو فلسطینی حملہ آور ہلاک کردیئے گئے

یروشلم ۔16 ستمبر ۔(سیاست ڈاٹ کام)  دو فلسطینی جنھوں نے مقبوضہ مغربی کنارہ میں ایک بس اسٹاپ پر اپنی کار اسرائیلیوں کے زیراستعمال بس سے ٹکرا دی تھی جس کی وجہ سے کئی افراد زخمی ہوگئے تھے ، بعد ازاں اسرائیل کے فوجیوں نے اُنھیں گولی مارکر ہلاک کردیا۔ یہ حملہ اسرائیلی پولیس کے بموجب ایک ایسے فلسطینی نے کیا تھا جس نے پولیس عہدیداروں کو مشرقی یروشلم سے ملحق علاقہ میں چاقو زنی کے ذریعہ ہلاک کردینے کی کوشش کی تھی ۔ دو حملہ آوروں نے اپنی گاڑی شہریوں کی بس سے ٹکرا دی تھی ۔ یہ واقعہ الیاس چوراہے کے پاس پیش آیا ۔ موقع پر موجود فوجیوں نے حملہ آوروں کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے ایک برسرموقع ہلاک اور دوسرا دواخانہ میں زخموں سے جانبر نہ ہوسکا ۔