کولکتہ 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام )ٹرین کے ایک کمپارٹمنٹ میں آج دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں 13 مسافرین زخمی ہوگئے جن میں دو کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ۔ ایسٹرن ریلوے کے ذرائع نے بتایا کہ سیلڈھ۔ کرشنا نگر مقامی ٹرین میں آج صبح یہ دھماکہ ہوا ۔ چیف پی آر او آر این مہا پترا نے پہلے زخمی ہونے والوں کی تعداد 14 بتائی تھی۔ یہ دھماکہ 3.55 بجے صبح اُس وقت ہوا جبکہ ٹرین ٹیٹاگڑھ اسٹیشن سے روانہ ہوئی ۔ 6زخمیوں کو ریلوے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا ۔ ان میں 4 بری طرح زخمی شامل ہیں ۔ ہاسپٹل کے ڈاکٹرس نے بتایا کہ تمام زخمیوں کی حالت مستحکم ہے۔ 7دیگر زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد بہم پہنچائی گئی ۔ ایسٹرن ریلوے کے جنرل منیجر آر کے گپتا نے مقام دھماکہ کا معائنہ کیا اور کہا کہ یہ ٹولیوں کی آپسی لڑائی کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکہ کی وجہ سے ٹرین کو زیادہ نقصان نہیں ہوا لیکن فارنسک ماہرین ہی معائنہ کے بعد قطعیت کے ساتھ کچھ کہہ سکتے ہیں۔ انہوں نے مسافرین سے چوکس رہنے اور مسافرین کی حفاظت کو یقینی بنانے میں حکام کے ساتھ تعاون کرنے کی خواہش کی۔