عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے بی جے پی کی مہم ۔ پارٹی مبصر کا اعلان
مالدا ( مغربی بنگال ) ۔ 24 ۔ ستمبر : (سیاست ڈاٹ کام ) : بی جے پی ریاستی کمیٹی کے مبصر کیلاش وجئے ورگیہ نے آج کہا ہے کہ ان کی پارٹی بہت جلد مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں احتجاجی تحریک شروع کرے گی تاکہ 2016 کے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ترنمول کانگریس کی غلط حکمرانی اور بدنظمی کو بے نقاب کیا جاسکے ۔ ترنمول کانگریس پر رشوت ستانی کی حوصلہ افزائی کا الزام عائد کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام نے شفافیت اور پاک و صاف انتظامیہ کی توقعات وابستہ کرتے ہوئے ووٹ دیا تھا لیکن درحقیقت پارٹی پر غیر سماجی عناصر کا غلبہ ہوگیا ہے اور ضلع انتظامیہ بشمول ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور پولیس سپرنٹنڈنٹس کو حکمران جماعت کی کٹھ پتلی بنادیا گیا ہے ۔ یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ ٹی ایم سی قائدین ، کارکنان اور وزراء چٹ فنڈ کمپنی شردھا اسکام میں ملوث ہیں ۔ بی جے پی لیڈر وجئے ورگیہ نے کہا کہ امید ہے کہ سی بی آئی تحقیقات میں حقائق آشکار ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں بی جے پی ترقی کے ایجنڈہ پر مقابلہ کرے گی ۔ یہ الزام لگایا کہ ریاست میں غلط حکمرانی کے علاوہ ٹی ایم سی کے دور حکومت میں کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دئیے گئے ۔ ریاست بھر میں بنیادی سہولیات ( انفراسٹکچر ) کے فقدان کا دعویٰ کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر نے بتایا کہ سڑکوں کی حالت انتہائی خراب ہے ۔ قبل ازیں مسٹر وجئے ورگیہ نے 3 اضلاع مالدا ، شمالی اور جنوبی دیناج پور کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے مخاطب کیا ۔۔