مغربی بنگال میں اجتماعی عصمت ریزی کے تمام 13 ملزمین گرفتار

کولکتہ۔/23جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) مغربی بنگال کے بربھوم ڈسٹرکٹ میں ایک قبائیلی خاتون کی اجتماعی عصمت ریزی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے گورنر ایم کے نارائنن نے کہا کہ خاطیوں کو فوری گرفتار کرکے انہیں سخت سزا دیئے جانے کی ضرورت ہے۔ 13افراد نے 20سالہ قبائیلی خاتون کی عصمت ریزی حیرت انگیز طور پر گاؤں کی پنچایت کے حکم پر کی جس کا معاشقہ خاتون کی برادری سے باہر والے کسی نوجوان سے چل رہا تھا۔ اجتماعی عصمت ریزی کے بعد خاتون شدید طور پر زخمی ہوگئی ہے۔ دریں اثناء تمام 13ملزمین کوگرفتار کرلیا گیا ہے اور انہیں سب ڈیویژنل جوڈیشیل مجسٹریٹ یجوش گھوش نے 14دنوں کے ریمانڈ پر دے دیا ہے۔ خاتون کے معاشقہ کا جب پنچایت کو پتہ چلا تو اسے سزا دینے کیلئے اس کی اجتماعی عصمت ریزی کا حکم دیا گیا۔ مغربی بنگال کی وزیر برائے بہبود خواتین و اطفال ششی پانچا کی کوششوں سے گرفتاری عمل میں آئی۔

انہوں نے پولیس سپرنٹنڈنٹ سے بات چیت کرتے ہوئے خاطیوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔ وزیر نے کہاکہ اگر علاج کے بعد متاثرہ خاتون اپنے گھر واپس جانا چاہتی ہے تو اسے سیکوریٹی فراہم کی جائے گی اور اگر واپس نہیں جانا چاہتی تو اسے ایک علحدہ شیلٹر ہاؤس میں رکھا جائے گا۔ عصمت ریزی کرنے والوں کے علاوہ اس نوجوان کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جس کے ساتھ خاتون کا معاشقہ چل رہا تھا اور گاؤں کی پنچایت کے مکھیا کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر منیش تیواری نے بھی خاطیوں کو سخت سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔ جبکہ مغربی بنگال ویمنس کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اجتماعی عصمت ریزی کے اس واقعہ کی تحقیقات کرے گا کہ کس طرح کھاپ پنچایت نے سزاء کے طور پر قبائیلی خاتون کی عصمت ریزی کا حکم دیا جو یقیناً ہندوستانی تہذیب پر ایک بدنما داغ ہے۔

ویمنس کمیشن صدر نشین سنندا گو سوامی نے کہا کہ اس واقعہ کی تحقیقات کا کل حکم دیا جائے گا جس کیلئے ڈسٹرکٹ ایس پی کو ذمہ داری سونپی جائے گی اور ہدایت کی جائے گی کہ وہ اپنی تحقیقاتی رپورٹ اندرون 10یوم کمیشن کے روبرو پیش کرے۔ صرف ویمنس کمیشن ہی نہیں بلکہ متعدد سیاسی جماعتوں نے بھی پارٹی وفاداری اور پالیسیوں سے قطع نظر بیک آواز مطالبہ کیا ہے کہ خاطیوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ حکمراں ترنمول کانگریس ایم پی ڈیرک برائن نے اپنے ٹوئیٹر پر اس رونگھٹے کھڑے کردینے والے واقعہ کی زبردست مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی انتظامیہ اور پولیس نے بھی انتہائی چابکدستی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13افراد کو گرفتار کرلیا ہے جو کہ ایک اچھی علامت ہے۔ خاطیوں کو کسی بھی حالت میں بخشا نہیں جانا چاہیئے۔ اس طرح سی پی آئی (ایم ) اور کانگریس پارٹی نے بھی اس واقعہ کی شدید مذمت کی۔