کولکاتہ ۔ 18اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) شمال مغربی ہوائیں چلنے سے شہر کولکاتہ اور دیگر اضلاع میں 15 افراد ہلاک اور دیگر پچاس زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے بموجب 15 میں سے 7 اموات کولکاتہ میں ، 6 ہوڑہ ضلع میں اور بانکورہ اور ہبلی اضلاع میں علی الترتیب ایک ، ایک موت واقع ہوئی ۔ تقریباً پچاس افراد دیواروں کے انہدام ، درختوں کے جڑ سے اُکھڑ جانے اور برقی شاک کی وجہ سے زخمی ہوگئے ۔ آفات سماوی انتظامیہ محکمہ کو چیف منسٹر ممتا بنرجی نے ہدایت دی کہ نقصان کا تخمینہ کیا جائے اور آندھی سے ہونے والی اموات کی بالکل درست تعداد معلوم کی جائے ۔ انھوں نے چیف سکریٹری کو صورتحال کا جائزہ لینے اور رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت دی ۔ شہر میں ہونے والے اموات میں ایک آٹو رکشا ڈرائیور اور ایک خاتون کی موت بھی شامل ہے جن کی گاڑی پر وسطی کولکاتہ میں لینن کا مجسمہ گر پڑا تھا ۔ دیگر دو مسافر دواخانہ میں کل رات اپنے زخموں سے جانبر نہ ہوسکے ۔ پروازوں کی آمد و رفت میں بھی آندھی کی وجہ سے تاخیر ہوئی ۔