کولکاتہ ۔ 9 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی معیشت نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کے دوہرے جھٹکے سے بتدریج اُبھرنے کی کوشش کررہی ہے ، جس نے فوری طورپر شرح ترقی کو پٹری سے ہٹادیا ہے ، انڈیا ریٹنگس نے یہ تجزیہ کیا ہے ، تاہم ریٹنگس ایجنسی نے کرنٹ اکاؤنٹ ڈیفیسٹ (سی اے ڈی ) کے ممکنہ پھیلاؤ کا انتباہ دیا کیونکہ تیل کی قیمتیں بڑھ رہی ہیں جس سے کرنسی پر دباؤ پیدا ہورہا ہے ۔ انڈیا ریٹنگس کے چیف اکنامسٹ دیویندر پنت نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ ہماری ریسرچ سے ظاہر ہوا ہے کہ مینوفیکچرنگ ، کیپٹل گڈس پروڈکشن ، نان فوڈ کریڈٹ اور کھپت جیسے بڑے شعبوں میں بہتری کے کچھ آثار دکھائی دینے لگے ہیں۔ مالی شعبہ میں تشویش جاری ہے کیونکہ اس محاذ پر ابھی حالات میں استحکام نہیں آیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ مجموعی طورپر صورتحال میں قدرے بہتری ہے لیکن اگر اسی طرح بہتری ہوتی رہی تو آنے والے عرصے میں استحکام پیدا ہوسکتا ہے اور موجودہ مالی سال میں 7.4 فیصد کی شرح ترقی درج کی جاسکتی ہے ۔