حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی 158 ویں سالگرہ تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے گورنر آندھرا و تلنگانہ مسٹر نرسمہن نے کہا کہ انکم ٹیکس ریٹرنس کا ادخال نوجوان نسل کے لیے بہت آسان ہے لیکن معمر شہریوں کے لیے اپنی پیرانہ سالی کے باعث آن لائن سائٹس تک پہنچ مشکل ہوجاتی ہے ۔ چنانچہ ڈپارٹمنٹ سے اپیل کی ہے کہ وہ ان بزرگ شہریوں کے لیے طریقہ کار کو سہل بنائیں ۔ تاکہ کمپیوٹر کے استعمال سے نابلد افراد کو ڈپارٹمنٹ کے آفیسرز مدد بہم پہنچاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چلانے میں انکم ٹیکس کا سماجی رول بہت اہم ہوتا ہے اور ہم ہمیشہ مسائل کو حکومت کی ذمہ داری سمجھتے ہوئے برا بھلا کہتے ہیں لیکن اس کی ادائیگی کے لیے ٹال مٹول سے کام لیتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جانب سے اکثر یہ سوال اٹھایا جاتا ہے کہ ان کی ادا کی ہوئی رقم کا کیا ہوا اور عوام کی توقع ہوتی ہے کہ ان کی ادا کی گئی ٹیکس کی رقم کا کم از کم ساٹھ فیصد ان پر خرچ کیا جائے اور عوام چاہتے ہیں کہ وہ ٹیکس رضاکارانہ ادا کریں گے نہ کہ ان پر اس کے لیے دباؤ ڈالا جائے ۔ قبل ازیں مسٹر شیام پرساد چودھری پرنسپل چیف کمشنر آف انکم ٹیکس ، آندھرا پردیش و تلنگانہ نے شرکا کا خیر مقدم کیا اور انکم ٹیکس کو پیش آنے والے مسائل اور آمدنی کا تفصیل سے تذکرہ کیا ۔۔