معمر افراد کے ساتھ برے سلوک میں دوگنا اضافہ

بہو ، بیٹوں کی جانب سے سب سے زیادہ برا سلوک ، ہیلپ ایچ کی رپورٹ

حیدرآباد ۔ 13 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : ہیلپ ایچ انڈیا کی جانب سے ورلڈ ایلڈر ابیوس اویرنیس ڈے کے موقع پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ عمر رسیدہ و معمر افراد کے ساتھ غلط اور برے برتاؤ میں پچھلے سال کے مقابل دو گنا اضافہ درج ہوا ہے جب کہ اس کا فیصد 50 سے زیادہ ہوچکا ہے ۔ میتھیو چیرمین سی ای او ہیلپ ایچ انڈیا نے اس رپورٹ کو جاری کرتے ہوئے کہا کہ برے سلوک کا 48 فیصد مرد حضرات اور 53 فیصد خواتین شکار ہوئے ہیں ۔ دہلی میں یہ فیصد 22 فیصد ، بنگلور میں سب سے زیادہ 75 فیصد ہے ۔ بہوؤں کی جانب سے سب سے زیادہ برا سلوک 61 فیصد جب کہ بیٹوں کی جانب سے 59 فیصد برا سلوک کیا گیا ہے ۔ اس کی اہم وجہ اپنے بزرگوں کی کفالت ہے ۔ بتایا گیا کہ یہ اعداد و شمار سروے کے دوران سامنے آئے ہیں جب کہ کئی بزرگ افراد اپنے ساتھ کئے گئے برے سلوک کی تفصیلات سامنے نہیں لاتے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر راؤ چلکانینی نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ سروے کی روشنی میں بزرگوں کے ساتھ برے سلوک کو روکنے کے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے بزرگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے ارکان خاندان پر منحصر نہ رہے ۔ ڈاکٹر متل سابق صدر آل انڈیا سینئیر سٹیزن بزرگوں کے ساتھ برے سلوک پر سخت تشویش کا اظہار کیا ۔ ناگیشور راؤ صدر APSCON نے اس ضمن میں ہیلپ ایچ انڈیا کی ستائش کی ۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت ایک ٹیچر وہ طلبہ کو بزرگوں کی عزت و احترام کا سبق دیتے ہیں ۔ اس موقع پر آئی وی این ایل چاری نائب صدر ٹیون سٹیز کانفیڈریشن نے بھی خطاب کیا ۔۔