حیدرآباد ۔ 5 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے مانسون سیشن کے باقی ایام میں اپوزیشن جماعتوں کی کمی شدت سے محسوس کی جائے گی کیونکہ کسانوں کے مسئلہ پر احتجاج کیلئے آج 6 اپوزیشن جماعتوں کے ارکان کو سیشن کے اختتام تک معطل کردیا گیا ہے۔ کانگریس ، تلگو دیشم ، بی جے پی ، سی پی آئی ، سی پی ایم اور وائی ایس آر کانگریس کے ارکان کو گڑبڑ کرنے پر صرف 15 منٹ میں معطل کردیا گیا۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو اجلاس کے آغاز سے قبل ایوان میں پہنچ چکے تھے، وہ اپوزیشن کے خلاف کارروائی کیلئے ذہنی طور پر تیار دکھائی دے رہے تھے۔ اپوزیشن کی معطلی کے فوری بعد چیف منسٹر ایوان سے روانہ ہوگئے ۔ معطلی کی اس کارروائی میں بعض غیر موجود ارکان کو معطل شدہ ارکان کی فہرست میں شامل کرلیا گیا جبکہ بعض موجود ارکان کو اس فہرست سے علحدہ رکھا گیا۔ قائد اپوزیشن جانا ریڈی اور ڈپٹی لیڈر اور ڈاکٹر جے گیتا ریڈی ایوان میں موجود تھے لیکن انہیں معطل نہیں کیا گیا۔ اسی طرح تلگو دیشم کے آر کرشنیا کا نام بھی معطل شدہ ارکان کی فہرست میں نہیں پڑھا گیا۔ تلگو دیشم فلور لیڈر ای دیاکر راؤ ایوان سے غیر حاضر تھے لیکن ان کا نام معطل ارکان کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔