لاہور ۔19اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے ہندوستان سے خواہش کی کہ معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت کا احیاء کیا جائے تاکہ تمام دیرینہ مسائل کی یکسوئی ہوسکے ۔ پاکستان نے کہا کہ امن سے غربت ‘ ناخواندگی اور ناانصافی کی لعنت کا اس علاقہ سے خاتمہ ممکن ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ اُمور سرتاج عزیز نے کہا کہ حالانکہ معتمد خارجہ ہندوستان نے جاریہ سال 3مارچ کو پاکستان کا دورہ کیا لیکن یہ صرف ایک خیرسگالی کا مظاہرہ تھا ۔ رسمی بات چیت کا ہنوز آغاز نہیں ہوا ہے ۔ سرتاج عزیز کا یہ تبصرہ ’’ مسلم سکھ دوستی کی ترجمان ‘‘ بیساکھی کے موقع پرمنعقدہ سمینار میں سامنے آیا ۔ یہ تقریب لاہور قلعہ میں کل شام منعقد کی گئی تھی ۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان علاقائی امن میں یقین رکھتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ تمام مسائل پر بات چیت کی جائے گی ۔ اگر امن بحال ہوجائے تو ہم سب غربت ‘ ناخواندگی اور ناانصافی کی لعنت کا اس علاقہ سے خاتمہ کرسکیں گے ۔ انہوں نے ہندوستان پر زور دیا کہ بات چیت کا احیاء کیا جائے جس سے دونوں ممالک کے وزرائے اعظم نواز شریف اور نریندر مودی گذشتہ سال اتفاق کرچکے ہیں ۔