مظفر نگر میں 500شیوسینا کارکنوں کے خلاف کیس درج

مظفر نگر۔/6اکٹوبر، ( سیاست ڈاٹ کام) شہر مظفر نگر میں تقریباً 500 شیوسینا کارکنوں کے خلاف امتناعی احکامات کی خلاف ورزی اور فرقہ وارانہ کشیدگی بھڑکانے کے الزام میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ شیوسینا کارکنوں نے اتوار کے دن ان علاقوں میں جلوس نکالا جہاں پر امتناعی احکامات ( دفعہ 144) نافذ تھا اور قابل اعتراض نعرے لگائے تھے۔حکام نے ضلع مظفر نگر میں مجوزہ پنچایت انتخابات کے پیش نظر امتناعی احکامات نافذ کردیئے ہیں۔
طلباء کے بیف فیسٹیول کی تائید پر لکچرر کو کارروائی کا سامنا
تریسور (کیرالا) ۔ 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) سرکاری امدادی کالج کے 6 طلباء نے جنہیں معطل کردیا ہے، مبینہ طور پر احاطہ میں بیف فیسٹیول کا اہتمام کیا تھا۔ اس خاتون لکچرر سے جس نے طلباء کی کارروائی کی، سماجی ذرائع ابلاغ پر تائید کی تھی۔ وضاحت طلب کرلی گئی ہے۔ فیس بک پر کالج کی لکچرر گیتا نشانت نے ایس ایف آئی کارکنوں کے زیراہتمام یکم ؍ اکٹوبر کو بیف فیسٹیول کے اہتمام کی تائید کی تھی۔ یہ فیسٹیول یو پی میں بیف کھانے کی افواہ پر ایک عمر رسیدہ شخص کو زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردینے کے خلاف بطور احتجاج منعقد کیا گیا تھا۔ کالج کے پرنسپل سی ایم لٹھا نے کہا کہ اس سلسلہ میں لکچرر سے جواب طلب کیا گیا ہے۔ دیواسمن روڈ نے اس واقعہ کی تحقیقات کرکے اسے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔