مظفر نگر میں میڈیکل طالب علم کو گولی مار دی گئی

برہم خاندان کا نعش کیساتھ احتجاج، شاہراہ کی ناکہ بندی
مظفر نگر 11 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں ضلع مظفر کے مانڈلہ گاؤں میں نامعلوم حملہ آوروں نے ایک دلت میڈیکل طالب علم کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ سرکل آفیسر رضوان احمد نے کہاکہ رجت، پیر کی شام کالج سے واپسی کے دوران نامعلوم افراد کے حملے میں ہلاک ہوگیا۔ وہ میڈیکل کورسیس کے دوسرے سال میں متعلم تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ اس واقعہ کے بعد مہلوک طالب علم کے ارکان خاندان نے نعش کو سڑک پر رکھتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا اور ملزمین کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے شاہراہ پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔ تاہم پولیس نے غم و غصہ سے بے قابو ان ارکان خاندان کو دلاسہ دیتے ہوئے پُرسکون رہنے کی ترغیب دی اور نعش کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ روانہ کردیا۔