مظفر نگر ۔ 19 ۔ نومبر (سیاست ڈاٹ کام) طالبان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتر پر دیش کے ضلع مظفر نگر میں کھپ پنچایت نے لڑکیوں کے جینس پائنٹ پہننے اور موبائیل فون کے استعمال پر پابندی عائد کردی ہے ۔ پنچایت نے یہ بھی ہدایت دی ہے کہ سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس بشمول واٹس اپ اور فیس بک کا بھی استعمال نہ کیا جائے۔ ان احکامات کا اطلاق علاقہ مظفر نگر کے 46 دیہاتوں پر ہوگا ۔ سابق میں اترپردیش اور ہر یانہ میں ذات برادریوں اور کھپ پنچایتوں نے طالبان کی طرح سخت احکامات جاری کئے تھے جس پر بعض گوشوں سے اعتراض بھی کیا گیا لیکن اکھلیش یادو کی زیر قیادت سماج وادی پارٹی حکومت نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ قبل ازیں جاریہ سال ماہ اگست میں جڈواڈ گاؤں میں گجر برادری سے لڑکیوں کے جینس پہننے اور موبائیل فونس کے استعمال پر امتناع عائد کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس طرح کے لباس نہ صرف غلط اثرات مرتب ہوں گے بلکہ چھیڑ چھاڑ کے واقعات پیش آئیں گے۔ علاوہ ازیں شادی بیاہ کی تقاریب میں ڈسک جاکی (D.J) سے استفادہ نہ کرنے کی ہدایت دی۔