مظفر نگر ۔ 8 فروری (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر فسادات کے دوران بے گھر ہونے والوں کو فہرست رائے دہندگان کو اپنے ناموں کی شمولیت کا موقع فراہم کرنے کیلئے الیکشن کمیشن نے ان 22 مواضعات میں خصوصی مہم شروع کی ہے جہاں فسادات کے متاثرین کی امداد و بازآبادکاری کے کام بھی جاری ہیں۔ مظفر نگر کے کارگزار ضلع مجسٹریٹ رویندر گوڈ بولے نے آج کہا کہ نوڈل افسران سے کہا گیا ہے کہ وہ ان مواضعات میں اس مہم پر توجہ مرکوز کریں جہاں گزشتہ سال ستمبر کے دوران ہوئے فسادات کے متاثرین کی امداد و بازآبادکاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہ پور، بودھان، جوگیا کھیری، مانڈوارہ، جولا، وگیانا، حبیب پور، سیکری، حسین پور، کلاں، کلیان پور، شکارپور،ہرسولی، باگھرا، سنجاک، تاؤلی، ریواتی تاگلہ، لوئی، کھامپور، سیسی کلا اور سرائی اور دیگر مواضعات میں فسادات کے متاثرین کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ستمبر 2013ء کے دوران مظفر نگر فسادات میں 60 افراد ہلاک اور دیگر 50,000 بے گھر ہوگئے تھے۔