مظفر نگر فساد متاثرین کیلئے ادارہ سیاست کی خدمات کو خراج تحسین

ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے مظفر نگر کے صنعت کار جناب محمد احمد خاں کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : ادارہ سیاست کی جانب سے مظفر نگر فساد متاثرین کی بھر پور امداد پہونچانے اور متاثرین کی بے پناہ خدمات انجام دینے پر مظفر نگر اترپردیش کے ممتاز صنعت کار جناب محمد احمد خاں نے آج یہاں دفتر سیاست عابڈس پہونچکر ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی اور انہیں مظفر نگر فساد متاثرین کی خدمات انجام دینے پر خراج تحسین پیش کیا اور ادارہ سیاست کے خدمات کی ستائش کی ۔ اس موقع پر جناب محمد احمد خاں نے ایڈیٹر سیاست سے ادارہ سیاست کی جانب سے انجام دی جانے والی ملی ، تعلیمی ، دینی ، سماجی اور فلاحی خدمات سے آگہی حاصل کی ۔ اس کے ساتھ ساتھ اسلامی خطاطی نمائش کے اہتمام کی ستائش کی اور ان خدمات سے متعلق تفصیلات معلوم کیں ۔ اترپردیش کے صنعت کار نے مظفر نگر فساد متاثرین کے لیے ادارہ سیاست کی خدمات ناقابل فراموش قرار دیا اور مستقبل میں بھی اسی طرح کی مختلف شعبہ حیات کے لیے ادارہ سیاست کی بہتر خدمات کے لیے نیک توقعات کا اظہار کیا ۔ قبل ازیں انہوں نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کے دوران گلدستہ پیش کیا ۔ اس موقع پر ان کے ساتھ مسرس محمد یوسف علی بابا صنعت کار محبوب نگر اور دیگر بھی موجود تھے ۔۔