مظفر نگر فسادات کے تحقیقاتی کمیشن کی میعاد میں توسیع

مظفر نگر 6 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش نے مظفر نگر فسادات کی تحقیقات کے لئے قائم کردہ ایک رکنی کمیشن کی میعاد میں مزید 3 ماہ کی توسیع کردی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اندرمتی ترپاٹھی نے بتایا کہ میعاد میں توسیع کے بعد تحقیقاتی کمیشن کا اجلاس 11 تا 18 ڈسمبر منعقد ہوا جس کے دوران فسادات کے وقت متعین سرکاری عہدیداروں کے بیان قلمبند کئے جائیں گے۔ الہ آباد ہائیکورٹ کے ریٹائرڈ جج وشنو شاہی کی زیرقیادت کمیشن گزشتہ سال 9 ڈسمبر کو تشکیل دیا گیا تھا اور کمیشن کی میعاد میں اب تک 3 مرتبہ توسیع دی گئی ہے۔ جبکہ کمیشن نے متعلقہ عہدیداروں کو طلب کیا تھا۔ لیکن انھوں نے بیانات قلمبند کروانے کے لئے مزید مہلت مانگی ہے۔ ریاستی حکومت نے 27 اگسٹ 2013 ء کو کوال واقعہ سے شروع ہوئے پرتشدد واقعات کی تحقیقات کرکے اندرون 2 ماہ رپورٹ پیش کرنے کی کمیشن کو ہدایت دی تھی۔ لیکن تحقیقات مکمل نہ ہونے پر اب تک 3 مرتبہ توسیع دی گئی ہے۔ کمیشن سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ مظفر نگر اور قرب و جوار کے علاقوں میں تشدد پر قابو پانے میں انتظامیہ کی ناکامی کی نشاندہی کی جائے۔ ان فسادات میں 60 افراد ہلاک اور ہزارہا افراد بے سروسامانی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہوگئے تھے۔