مظفر نگر۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک مقامی عدالت نے گذشتہ سال مظفر نگر میں فرقہ وارانہ فسادات کے دوران اجتماعی عصمت ریزی معاملہ میں ملوث 20مفرور ملزمین کی املاک قرق کرلینے کا حکم جاری کیا ہے۔ چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ نریندر کمار نے یہ حکم سنایا۔ اسپیشل انوسٹی گیشن (SIT) کے ایک تحقیقاتی آفیسر بالایادو نے عدالت سے درخواست کی تھی کہ تمام 20 ملزمین کی جائیدادوں کو قرق کرلیا جائے کیونکہ انہوں نے نہ تو خود سپردگی اختیار کی تھی اور نہ ہی انہیں گرفتار کیا گیا۔ دریں اثناء پولیس نے فسادات کے دوران قتل میں ملوث دو ملزمین کو گرفتار کلیا جن کی اروند اور موہت کی حیثیت سے شناخت عمل میں آئی۔ انہوں نے موضع جاؤلی میں فسادات کے دوران ناظم نامی ایک شخص کو قتل کردیا گیا تھا۔