مظفر نگر ۔ /26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مظفر نگر میں گزشتہ سال فسادات کے بعد بے گھر ہونے والے زائد از 180 خاندانوں نے پڑوسی ضلع شاملی میں اپنے مواضعات کو واپس ہونے سے انکار کردیا ہے ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیداروں کی ایک ٹیم نے فسادات سے متاثرہ افراد کیلئے قائم کئے گئے ریلیف کیمپوں کا دورہ کیا اور ان ارکان خاندان سے اپیل کی کہ وہ فسادات سے متاثرہ اپنے آبائی وطنوں کو واپس ہوجائیں ۔ کیونکہ وہ لوگ محکمہ جنگلات کی اراضی پر قائم کردہ عارضی کیمپوں میں غیرقانونی طور پر مقیم ہیں ۔ ان متاثرین نے ٹیم سے کہہ دیا کہ وہ اپنے مواضعات کو جانا نہیں چاہتے ۔ محکمہ جنگلات کے عہدیدار ایچ وی گریش نے کہا کہ 55 خاندانوں نے ملکا پور 45 خاندانوں نے نور پور اور 35 خاندانوں نے کھرگان کے علاوہ 22 خاندان سنہیتا اور 20 خاندان اکبر پور میں مقیم ہیں ۔ محکمہ جنگلات نے ان خاندانوں کے تخلیہ کیلئے قبل ازیں نوٹس جاری کی تھی لیکن ان نوٹسوں کا کوئی اثر نہیں ہوا ۔