واشنگٹن۔ 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی انتظامیہ نے عراق اور شام کے وسیع علاقوں پر قابض انتہاپسند تنظیم دولت اسلامیہ عراق وشام (داعش)کے چار اہم رہنمائوں سے متعلق معلومات فراہم کرنے پر 2 کروڑ ڈالر تک انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے بتایا کہ وہ اپنے "انصاف کے لئے انعام’ پروگرام کے تحت عبدالرحمان مصطفی القدولی کے بارے میں معلومات فراہم کرنے والے کو 70 لاکھ ڈالر، ابو محمد العدنانی اور ترخان تیمورازووچ بتراشولی سے متعلق معلومات دینے پر 50 لاکھ ڈالر اور طارق بن الطاہر بن فالح الاونی الحرزی سے متعلق معلومات دینے والے شخص کو 30 لاکھ ڈالر انعام دے گا۔امریکی وزارت خارجہ کے مطابق قدولی ایک سینئر داعشی عہدیدار ہے جو کہ پہلے عراق میں القاعدہ نواز جماعت میں شامل تھا۔ العدنانی داعش کا سرکاری ترجمان ، بتراشولی شمالی شام میں کمانڈر اور حرزی شام اور ترکی کے درمیان سرحدی علاقے میں سرگرم گروپ کا لیڈر ہے۔داعش نے حال ہی میں امریکا، یورپ اور آسٹریلیا میں مقیم افراد پر زور دیا ہے کہ اگر وہ شام اور عراق میں سفر نہیں کرسکتے تو انہیں اپنے ملکوں ہی میں جہاد کا فریضہ سر انجام دینا ہوگا۔