قاہرہ 28 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) مصر کی اعلیٰ عدالت نے ویب سائٹ یو ٹیوب کو ایک ماہ کیلئے بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔اس نے یوٹیوب کے خلاف یہ حکم پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی توہین پر مبنی ایک متنازع فلم کو نہ ہٹانے پر جاری کیا ہے۔مصر کی ایک ماتحت ا نتظامی عدالت نے کمیونیکشنز اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت کو 2013 میں یوٹیوب کو اس ویڈیو کو نہ ہٹانے پر بلاک کرنے کا حکم دیا تھا لیکن ایک اور عدالت نے اس کے خلاف حکم امتناع جاری کردیا تھا اور وزارت نے کیس کے خلاف اپیل دائر کردی تھی۔ مصری وزارت نے تب یہ مؤقف اختیار کیا تھا کہ اس حکم پر انٹرنیٹ سرچ انجن گوگل کو متاثر کیے بغیر عمل ناممکن ہے۔اس نے کہا تھا کہ مصر کو اس سے بھاری لاگت کے علاوہ ملازمتوں کا نقصان برداشت کرنا پڑیگا۔ یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی متنازع فلم ’ مسلمانوں کی معصومیت‘ 13 منٹ دورانیے کی ہے۔یہ ویڈیو کیلی فورنیا میں شخصی فنڈنگ سے بنائی گئی اور پہلی مرتبہ 2012 میں جاری کی گئی تھی۔اس کے خلاف مسلم دنیا میں سخت ردعمل کا اظہار کیا گیا تھا۔اس فلم پر امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے تھے۔ مصر میں اس فلم کے خلاف ایک وکیل محمد حامد سالم نے 2013 میں کیس دائر کیا تھا۔ان کا کہنا ہے کہ اعلیٰ عدالت نے اس فلم کو نشر کرنے والے تمام لنکس کو بھی بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔یہ حکم حتمی ہے اور اس کے خلاف اپیل دائر نہیں کیا جاسکتی ۔