مصر میں داعش کے دہشت گرد حملے

قاہرہ ۔ یکم ؍ جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر کے شورش زدہ شمالی صوبہ سینائی میں فوجی تلاشی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے عسکریت پسندوں کی طرف سے بیک وقت کئے گئے خودکش بمبار حملوں اور اندھادھند فائرنگ کے نتیجہ میں کم از کم 70 افراد ہلاک ہوگئے جن میں فوجیوں کی اکثریت ہے۔ ان حملوں کے بعد فوج نے جوابی حملے شروع کئے ، جس میں ایف 16 طیارے استعمال کئے گئے۔ داعش کے متواتر حملوں اور فوج کی جوابی کارروائی کے بعد جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا جو دیر گئے تک بھی جاری تھا۔ سیکوریٹی ذرائع نے بتایا کہ یہ حملے ایسے وقت ہوئے جبکہ دو دن قبل ہی مصر کے جنرل پراسیکیوٹر ہشام برکات کو کار بم دھماکہ میں ہلاک کردیا گیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد صدر عبدالفتاح السیسی نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے لائحہ عمل کو مزید سخت بنانے کا اعلان کیا تھا۔ عہدیداروں نے کہا کہ شمالی سینائی کے شہر شیخ زوید میں یہ حملے ہوئے۔ خودکش کار بم دھماکوں اور بھاری اسلحہ کے استعمال کے سبب فوج کی تلاشی چوکیوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ فوج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد سمیر نے فیس بک میں اپنے صفحہ پر جاری کردہ بیان میں کہا کہ ’’70 سے زائد دہشت گرد عناصر نے شمالی سینائی کی پانچ سیکوریٹی چوکیوں کو بیک وقت حملوں کا نشانہ بنایا‘‘۔