واشنگٹن۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مصر نے بین الاقوامی مانیٹری فنڈ سے اپنی متزلزل معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے قرض طلب کیا ہے۔ آئی ایم ایف کے مطابق اسٹاف کی ایک ٹیم جاریہ ماہ کے اواخر میں مصر روانہ ہوگی جہاں وہ وہاں کے حالات کا جائزہ لیتے ہوئے مشاورتی سیشن منعقد کرے گی۔ بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق مصر نے آئی ایم ایف سے 7 بلین امریکی ڈالرس بطور قرض طلب کئے ہیں۔ اس دوران آئی ایم ایف کے مشرق وسطی اور وسطی ایشیا ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر مسعود احمد نے بھی مصر کی جانب سے آئی ایم ایف سے قرض طلب کرنے کی خبر کی توثیق کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مصر کے اس مطالبہ کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہم جلد ہی پالیسیوں پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے مصر کی معیشت کو مستحکم کرنے کی پوری کوشش کریں گے کیونکہ ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ مصر ایک بار پھر اپنی معیشت کو مستحکم کرے تاکہ معاشی چیلنجس کا سامنا کرسکے۔